اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات نے سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کی کوشش پر پانی پھیر دیا، سب کچھ کر گزرنے کے بعد عمران خان کا مذاکرات کی بات کرنا ڈھونگ ہے۔
اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی کوشش تھی کہ سیاسی پارٹیوں کے درمیان مذاکرات ہوں، انہوں نے مذاکرات کیلئے سینئر رہنماؤں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی، پیپلز پارٹی کی ٹیم نے مختلف سیاسی جماعتوں کی لیڈر شپ سے ملاقاتیں کیں، بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان جا کر مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: اب مذاق رات نہیں حساب کتاب کا وقت ہے، حافظ حمد اللہ
انہوں نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی کوششوں کو سبوتاژ کیا، عمران خان کو تکبر لے ڈوبا ہے، انہوں نے پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت بننے دیا ہی نہیں، غیر جمہوری سوچ اور آمرانہ طرز عمل نے عمران نیازی کو بند گلی میں دھکیل دیا، آج کی صورتحال کے ذمہ دار عمران نیازی خود ہیں، عمران خان نے اپنے بچوں کو لندن میں محفوظ جبکہ قوم کے بچوں کو ملک دشمنی پر اکسایا۔