کراچی: (دنیانیوز) شہر قائد کے باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے کےفور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
کےفور منصوبے کی سنگ بنیاد تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہا تمام تقاریر کے بعد کیا اضافہ کروں، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم نے بڑی میٹھی باتیں کیں بہت خوشی ہوئی، چھوٹے بھائی بلاول بھٹو کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت گزشتہ ایک سال سے اتحاد سے چل رہی ہے، اگر حکومت میں اتحاد نہ ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی، اتحاد سے ہی ہم نے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جان بوجھ کر سیاسی افراتفری پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی گئی، پارلیمان نے اتحاد سے ان سازشوں کو دفن کر دیا، اس سازش کے تانے بانے سمندر پار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کررہی ، برآمدات میں اضافے کیلئے وسائل مہیا کرینگے: وزیراعظم
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں سیاسی افراتفری کی وجہ سے پاکستان معاشی لحاظ سے ترقی نہ کر سکا، بلاول بھٹو نے جو الفاظ میرے لیے کہے شکر گزار ہوں، یقین دلاتا ہوں ہم مل کر مسائل کو حل اور کشتی کو کنارے لگائیں گے، مشکلات اور چیلنجز ہیں لیکن ہارنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مہنگائی سمیت تمام مسائل کوحل کریں گے، پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کے فور منصوبے پر سیاست انتہائی افسوس ناک بات ہے، کے فور منصوبے کو سرد خانے کی نذر کیا گیا ، 2018ء میں چور، ڈاکو کی گردان شروع ہوئی، سابق وزیراعظم کو کے فور منصوبے کی کوئی فکر نہیں تھی، سابق وزیراعظم کی ہرمنصوبے میں فتنہ پر مبنی سوچ تھی، سابق وزیراعظم نے اچھے انداز میں گفتگو کرنا سیکھا نہیں تھا، چار سال چور، ڈاکو کا نعرہ لگانے والا کرپشن کیس میں پکڑا گیا تو جلاؤ، گھیراؤ شروع کر دیا، یہ کہاں کی سیاست ہے۔
— Pakistan Peoples Party - PPP (@PPP_Org) May 26, 2023
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں بڑے حادثے ہوئے لیکن کبھی سیاسی جماعت کے لیڈر نے نہیں کہا فوجی تنصیبات کو جلا دو، سابق وزیراعظم نے اس منصوبے کو بدنیتی کی بنیاد پر موخر کیا تھا، ہم اس منصوبے کو فوری مکمل کروائیں گے، کے فور کو مکمل کرانے کے لیے بھرپور کوششں کریں گے، یقین دلاتا ہوں یہ منصوبہ میرے لیےتمام منصوبوں سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ صاف پانی آپ سب کا حق ہے، بلاول بھٹو بھی ٹینکر سے پانی پیتے ہیں، کراچی سب سے زیادہ کمائی کرنے والا شہر ہے، کراچی جیسے شہر میں پینے کے پانی پر سیاست کسی صورت جائز نہیں، تحریک انصاف کی حکومت نے ظلم کیا تو یہ کریمنل ایکٹ ہے، کے فور منصوبے کے لیے فنڈز بجٹ میں نمبرون ترجیح ہو گی۔
مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کےفور منصوبے سے صنعتوں کی پانی کی طلب پوری ہونے سے پاکستان کی معاشی ترقی ہو گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی وصوبائی حکومتیں اس منصوبے کی بروقت تکمیل کوخاص اہمیت دے رہی ہیں، کےفور منصوبے سے کراچی کو پہلے مرحلے میں روزانہ 260 ملین گیلن پانی کی سپلائی میسر ہو گی، کراچی شہرمیں 1200 ملین گیلن یومیہ پانی کی طلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ 260 ایم جی ڈٰکی صلاحیت کے ساتھ K-IV فیز -I کو واپڈا کے ذریعے 2025 میں مکمل کیا جائے گا، کےفور منصوبے کی اہم سرگرمیوں کےحوالے سے رقم کی آمد کے مسائل کا سامنا ہے، کےفور مکمل تب ہو گا جب تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے فنڈز کی روانی کو یقینی بنایا جائے، وفاقی حکومت نے PSDP سے 113 ارب روپے فراہم کیے ہیں.
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کے فور منصوبے میں تاخیر کے باعث لاگت میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے، کے فور K-IV کراچی شہر جو منی پاکستان ہے اس کیلئے بہت بڑا ریلیف لائے گا، کراچی میں دومختلف مقامات پر پائلٹ بنیادوں پر سی واٹر ریورس اوسموس(SWRO) پلانٹس لگائے جا رہے ہیں.
مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت PSDP-2023-24 کی مد میں ان دوپلانٹس کیلئے فنڈز جاری کرے، وزیراعظم شہبازشریف سے درخواست ہے کہ پلاننگ ڈویژن کو خاص ہدایات جاری کریں۔