ملتان: ( دنیا نیوز ) پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے سینیٹر اور سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہماری فوج اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے اور بہت مضبوط ہے ، جب دہشتگردی تھی تو سکیورٹی اداروں نے بہت قربانیاں دیں، فوج نے اپنا آج قربان کرکے پاکستان کا کل مضبوط کیا۔
این ایف سی یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ ملک قائد اعظم اور تحریک پاکستان کی انتھک محنت سے بنا ہے ، کچھ عناصر ملک کے باہر سے پاکستان کی سالمیت پر حملہ کررہے ہیں، جو 9 مئی کو فوجی املاک پر حملہ ہوا یہ ملک پر حملہ تصور ہوگا ، جن لوگوں نے پاکستان پر حملہ کیا آج ان کی پارٹی کا کیا حشر ہوا سب کے سامنے ہے ۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں سے کہتا ہوں آپ پاکستان کا سرمایہ ہیں، اوور سیز کو جو دکھایا گیا وہ ایسا نہیں جو زمینی حقائق پر مبنی ہو ، پوری دنیا میں اس طرح کی حرکت ہوتی تو اسکا شدید ردعمل آتا، پاکستانی فوج نے تحمل کے ساتھ برداشت کیا اور قانون کے مطابق کارروائی ہورہی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ 23 کروڑ عوام اکٹھے ہیں اور فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، تحریک انصاف کو لایا گیا اب انہوں نے اڑنا ہی تھا کیونکہ پوری زندگی تو نہیں بیٹھنا تھا، یہ کوئی نظریاتی پارٹی تو نہیں تھی ، یہ لوگ دس دن برداشت نہیں کرسکے ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کا کوئی موازنہ نہیں ، پاکستان کو ایٹمی طاقت ذوالفقار علی بھٹو نے بنایا، تحریک انصاف پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں لیکن جو پارٹی فیصلہ کرے گی وہ ہمارا فیصلہ ہوگا، نئے آنے والوں کو میرٹ پر دیکھ کر پارٹی میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کا حل ہوتا ہے، ملک ڈیفالٹ نہیں ہوگا بجٹ پیش کریں گے ، ہم بجٹ کے بعد الیکشن کرانے کے لیے تیار تھے مگر اب تاخیر ہوچکی ہے ، اس وقت مذکرات کے لیے تیار تھے مگر انہوں نے ہماری بات نہیں مانی۔