اسلام آباد: (دنیا نیوز) اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے درخواستِ ضمانت دائر کر دی۔
عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ سے آج ہی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی استدعا کی گئی ہے۔
عمران خان کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شدید سکیورٹی تھریٹس ہیں، جن کی وجہ سے دوبارہ قاتلانہ حملہ ہو سکتا ہے۔
درخواست میں عمران خان کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ٹرائل کورٹ کی بجائے خود عبوری ضمانت منظور کرے۔
اس کیس میں عمران خان آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے جس کے لیے وہ اپنی لاہور میں واقع رہائش گاہ زمان پارک سے روانہ ہو چکے ہیں۔