اعتماد کی ووٹنگ، ایم کیو ایم نے عوام کے ووٹ کا سودا کیا: پی ٹی آئی کراچی

Published On 27 April,2023 07:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم نے اعتماد کی ووٹنگ میں عوام کے ووٹ کا سودا کر دیا۔

اپنے ایک بیان میں آفتاب صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم یہ سودا پچھلے 35 سال سے کر رہی ہے، مہاجر موومنٹ، متحدہ قومی موومنٹ یا پھر پی ایس پی ہو مقصد صرف کراچی کا سودا ہے، کراچی پر بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں مگر وقت آنے پر صرف سودے بازی کرتے ہیں، کراچی کے عوام ایم کیو ایم کے استعفوں کا انتظار کر رہے تھے۔

تحریک انصاف کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے مزید کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح نوٹوں کے سامنے استعفے غائب ہو گئے، پی ٹی آئی اس وقت کراچی میں مردم شماری کی جنگ لڑ رہی ہے، کراچی کے بجلی، پانی، گیس کی فراہمی کی جنگ تحریک انصاف لڑ رہی ہے، عوام اب ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کا احتساب کریں گے۔