اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے متنازع فیصلے معیشت کی بحالی کی تمام کوششوں پہ پانی پھیر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ سپریم کورٹ کے متنازع فیصلے سیاسی بحران کو گہرا کر کے ملک میں سیاسی بے یقینی بڑھا رہے ہیں، سیاسی استحکام مضبوط معیشت کیلئے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1997ء سے قبل قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں 3 روز کا وقفہ ہوتا تھا جسے ختم کر کے 1 دن الیکشن کروانے کا اصول اپنایا گیا تاکہ قومی اسمبلی کے الیکشن صوبائی اسمبلی کے انتخابات پر اثر انداز نہ ہو سکیں، کیا سپریم کورٹ اب یہ چاہ رہی ہے کہ پنجاب کا صوبہ پہلے حکومت قائم کر کے پورے ملک کے انتخابی عمل پہ اثر انداز ہو؟۔
— Ahsan Iqbal (@betterpakistan) April 24, 2023
احسن اقبال نے کہا کہ 90 دن میں انتخابات اگر آئینی تقاضہ ہیں تو خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے کیوں آنکھیں بند کر لی گئیں؟، کیا جو آئین پنجاب پہ لاگو ہوتا ہے وہ خیبرپختونخوا پر لاگو نہیں ہوتا؟۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مصطفےٰ ایمپیکس کیس میں سپریم کورٹ نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے صوابدیدی اختیارات حرام قرار دیے لیکن چیف جسٹس کیلئے صوابدیدی اختیارات حلال کیسے ہو سکتے ہیں؟۔