طاقتور پاکستان پروگرام کے تحت 6 ماہ تک لوگوں کو راشن دیا جائے گا: گورنر سندھ

Published On 22 April,2023 10:11 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ طاقتور پاکستان پروگرام کے تحت ایک ماہ کا راشن چھ ماہ تک لوگوں کو پہنچایا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ یہ گورنر ہاؤس عوام کا ہے، عوام اور میرا ساتھ اب ختم نہیں ہو گا، جب تک میں گورنر ہاؤس میں ہوں اس کا رابطہ عوام سے نہیں ٹوٹے گا، افطار، سحریاں، عید ملن اور چاند رات ہو گئی اب اہم کام کرنا ہے، اس ملک کے وزراء اور حکومتوں نے پاکستان کو لوٹ کر غریب کیا ہے اسے اب امیر کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ کیا اس ملک میں عوام کو روزگار کے مواقع حاصل ہیں؟، کیا سب کے گھر میں گیس آ رہی ہے، کیا ایک کڑور نوکریاں جس کو ملی ان میں سے کوئی یہاں موجود ہے، کیا عمران خان کے دور میں عوام اسی طرح گورنر ہاؤس آتے تھے، اس نے تو بولا تھا کہ گورنر ہاؤس کی دیواریں گرا کر تعلیمی ادارہ بنائیں گے، کیا پانی نلکوں میں آ رہا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا ہے کہ کیا ٹینکر مافیا کو لگام دے دیا، اگر یہ سب کام کرنے ہیں تو عوام کو میرا ساتھ دینا ہو گا، 50 ہزار کراچی کے نوجوان بچے اور بچیاں گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کے جدید کورس کریں گے، یہ سب کسی سفارشی کیلئے نہیں ہو گا، آئی ٹی کورس کرنے والے نوجوان ماہانہ دو سے تین لاکھ روپے کمائیں گے، یہ کورسز بلکل مفت ہوں گے۔