کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صوبے بھر میں 20 لاکھ لوگوں کو 6 مہینے تک مفت راشن دینے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں گورنر سندھ نے فیڈرل بی ایریا میں سحری کی۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ طاقتور پاکستان کے نام سے پورے صوبے میں 20 لاکھ لوگوں کو 6 مہینے تک مفت راشن دیں گے، اگر کسی کو 6 مہینے سے زیادہ راشن چاہیے تو پھر اس سے راشن کی آدھی قیمت وصول کریں گے۔
30 ویں رمضان المبارک کی دوسری سحری کے لئے گلبرگ پہنچا، ٹاؤن کی سطح پر 500 والنٹیئرز کی ٹیم تشکیل دے رہا ہوں، گورنر ہاﺅس کے گیٹ پر ایک گھنٹی نصب کی جارہی ہے ، pic.twitter.com/7Pmhn9QhhJ
— Kamran Tessori (@KamranTessoriPk) April 20, 2023
بعد ازاں گورنر سندھ نے لیاری میں بروہی چوک کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی، اس موقع پر لوگوں نے رویتی بلوچی پگڑی بھی گورنر سندھ کو پہنائی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ آج لیاری میں دورے پر مجھے لیاری والوں نے گلے لگایا، کہا آپ سے ہمیں امیدیں ہیں، میں نے لیاری والوں کو کہا آپ کے پاس تو بڑے بڑے لیڈر ہیں، لیاری والوں نے کہا کہ سب لیڈروں کی ایسی کی تیسی۔
30 ویں رمضان کی پہلی سحری بروہی چوک لیاری میں عوام کے درمیان، لیاری کے عوام کے درمیان آکر بہت خوشی محسوس ہوئی، لیاری کے بے پناہ مسائل ہیں جن کا حل ہونا ضروری ہے، لیاری کے نوجوانوں کو آئی ٹی پروگرام میں شمولیت کی دعوت دیتا ہوں pic.twitter.com/nbvw0ruvJZ
— Kamran Tessori (@KamranTessoriPk) April 20, 2023
ان کا کہنا تھا کہ لیاری میں بجلی گیس پانی کا مسئلہ ہے، اس شہر میں واٹر ہائیڈرنٹ صرف 7،8 لوگوں کے ہیں ، غلام نبی نامی بندے کو میں نے بلایا تو اس نے کہا کہ میرے 1200 واٹر ٹینکر ہیں، اس شخص نے اتنے پیسے کہاں سے کمائے کہ اس کے پاس 1200 ٹینکر ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ میرے پاس پورا فارمولا ہے جس کے تحت 300 یونٹ تک بجلی مفت مل سکتی ہے، وزیراعظم سمجھدار آدمی ہیں، عید کے بعد کراچی اور صوبے کے مسائل پر وزیراعظم سے بات کروں گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مجھے 70 ہزار لوگوں نے درخواستیں دی ہیں، میرا کمرا بھر گیا ہے، عید کے بعد میڈیا کو وہ 70 ہزار درخواستیں دکھاؤں گا۔