سیہون شریف: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ہماری لیڈر شپ ہر وقت مذاکرات کیلئے تیار ہے۔
اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں ہوں گے یہ میرا کام نہیں، فیصلہ الیکشن کمیشن کا ہو گا، الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنا ہے الیکشن کب ہونے ہیں، الیکشن کمیشن ہر ایک سے رائے لے کر فیصلہ کرے گا، امید ہے کہ اس مشکل صورتحال میں اس کو پیچیدہ بنانے کی بجائے حل نکالا جائے گا، اسکا حل صرف الیکشن کمیشن کے پاس ہی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کئے، پی ٹی آئی کی حکومت تھی تو وہ کسی سے ہاتھ ملانا تک پسند نہیں کرتے تھے، ابھی مذاکرات کی بات ہوئی ہے تو حکومتی سطح پر دیکھا جائے گا، اگلا بندہ مذاکرات سے پہلے کوئی لچک رکھتا ہے یا وہ اپنی انا پرستی میں گم ہے، اگر عمران خان نے انا پرستی دکھائی تو مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عیدالفطر پر پاکستان اور سندھ کے عوام کو دلی مبارک دیتا ہوں، سیلاب کے بعد پہلی عید ہے، لوگوں کی تکلیف کا احساس ہے، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عید پر عوام کو ریلیف دیا جائے، آٹے کی مد میں لوگوں کو دو ہزار روپے دیئے ہیں، آباد گاروں کو فصلوں کی تباہی پر بیج کی مد میں فی ایکڑ 5 ہزار دیئے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو نے ہدایت دی ہے کہ عوام کا خیال رکھا جائے۔