اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سوڈان کی صورتحال پر گہری نظر ہے اور وہاں موجود پاکستانیوں کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سوڈان میں موجود پاکستانیوں کا تحفظ اور سلامتی حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، وہاں 1500 کے قریب پاکستانی موجود ہیں، سوڈان میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستانیوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کر رہا ہے، پاکستانی سفارتخانے نے پاکستانیوں سے مسلسل رابطے کیلئے واٹس ایپ گروپ بھی بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صاحب ثروت افراد ضرورتمندوں کو نہ بھولیں: وزیر اعظم کی عید کی مبارکباد
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ سوڈان میں موجود پاکستانیوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، ابھی پاکستانیوں کے انخلا میں مشکلات کا سامنا ہے، ہوائی اڈوں کو جانے والے راستے محفوظ نہیں، پاکستانیوں کے جلد انخلاء کیلئے دوست ممالک اور اقوام متحدہ کے ساتھ رابطے میں ہیں، یقین ہے کہ سوڈان کے حکام پاکستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سیکرٹری خارجہ نے پاکستان میں سوڈان کے سفیر سے ملاقات کی، اس دوران سیکرٹری خارجہ نے سوڈان میں پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ آن لائن اجلاس بھی منعقد کیا، سیکرٹری خارجہ نے اجلاس میں پاکستانیوں کو درپیش صورتحال پر بات چیت کی۔