اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی کہ پارلیمنٹ کے قانون پر عدالت سٹے آرڈر جاری کرے، پارلیمنٹ اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کرے گی، توقع کرتے ہیں عدلیہ آئین اور قانون کا تحفظ کرے گی۔
آئین پاکستان کی موبائل ایپ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج آئین کی پاسداری اور استحکام کیلئے یہاں حاضر ہوا ہوں، اس ایپ سے آئین اور قانون پاکستان کے بچے بچے کو یاد ہوجائے گا، آئین کو ہر سطح پر نصاب کا حصہ ہونا چاہیے، ہماری نوجوان نسل اس کتاب کو اچھے سے پڑھے گی اور یاد کرے گی، آئینی بحث تعلیمی اداروں میں بھی ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف نے کانسٹیٹیوشن موبائل ایپ کا اجراء کر دیا
انہوں نے کہا کہ مل کر پاکستان کے مشکل حالات کو ٹھیک کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، آج پاکستان ایک دوراہے پر کھڑا ہے، ہم سیاستدانوں سے بے شمار غلطیاں ہوئیں، بڑے لوگ وہی ہوتے ہیں جو غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے چلتے ہیں، ہم اپنے سیاسی اثاثے کو ریاست بچانے کی خاطر قربان کرنے میں ایک لمحے کیلئے بھی نہیں ہچکچائیں گے۔
— PMLN (@pmln_org) April 20, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ آئین نے پارلیمان کی گود سے جنم لیا،آئین کے بانیان جن میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، مفتی محمود مرحوم، مولانا شاہ احمد نورانی مرحوم، خان عبدالولی خان جیسی قدآور شخصیات تھیں وہ اپنی جماعتوں کی قیادت کررہے تھے، لیکن انہوں نے اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آئین تخلیق کیا، رہتی دنیا تک ان کا نام سنہرے حروف میں یاد رکھا جائے گا۔
— PMLN (@pmln_org) April 20, 2023
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آج پھر آئین کی پاسداری اور احترام کیلئے تمام اداروں اور پوری قوم کویکسو ہونا پڑے گا، آئین بنانا صرف اور صرف پارلیمان کا اختیار ہے اور یہ صرف پاکستان میں نہیں بلکہ دنیا بھرمیں اصول مسلمہ ہے، عدلیہ آئین کی تشریح کرسکتی ہے لیکن اسے ’ری رائٹ‘ نہیں کرسکتی۔