اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں غازی یونیورسٹی میں قائم مفت آٹا تقسیم مرکز کا دورہ کیا، شہباز شریف نے تھیلے تقسیم کرنے کے نظام کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم فرداً فرداً لوگوں کے پاس گئے اور بیشتر مستحقین کے مسائل سنے، شہباز شریف نے لوگوں میں خود بھی آٹا تقسیم کیا، اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ڈویژن کے مستحق خاندانوں میں اب تک 49 لاکھ بیگز تقسیم کئے گئے۔
انتظامیہ نے شہباز شریف کو بتایا کہ ڈی آئی خان میں مجموعی طور پر مستحق خاندانوں میں 13 لاکھ سے زائد بیگز تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے۔
وزیراعظم سے مفت آٹا مرکز میں گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن کے نمائندہ ارکان نے بھی ملاقات کی، وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ضلع بھر کے گرلز کالجز کا نمائندہ فورم مرکز میں آٹے کی تقسیم میں پیش پیش ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کی بیٹیوں کو اس کار خیر میں حصہ ڈالنے پر سراہا۔