مچھ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے علاقے مچھ میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے سرگرم گروہ کیخلاف آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سبی کے مغربی علاقے مچھ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، یہ دہشتگرد شہریوں کو نشانہ بنانے، کوئلہ کی کان کے مالکان کو ہراساں کرکے پیسے بٹورنے میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید، 2 دہشتگرد جہنم واصل
آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشتگردوں کے ایک گروپ کو اپنے خفیہ ٹھکانے کی طرف جاتے ہوئے روکا گیا تو انہوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا، دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گزشتہ دو روز سے دہشتگردوں کے زیر قبضہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور ان کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔