دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید، 2 دہشتگرد جہنم واصل

Published On 09 April,2023 08:09 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان رزمک میں فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے کرما میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں فرنٹیر کور خیبرپختونخوا کے نائیک فضل جانان شہید ہوگئے۔

نائیک فضل جانان شہید کا تعلق تحصیل و ضلع ہنگو سے ہے، نائیک فضل شہید کی عمر 32 سال تھی جنہوں نے سوگواران میں بیوہ، 2 بیٹے اور3 بیٹیاں چھوڑیں، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان کے ضلع کرامہ میں فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان ایک اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔