راولپنڈی: (دنیا نیوز) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہونے کے باعث سکیورٹی فورسز کے دو جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں نائب صوبیدار حضرت گل اور سپاہی نذیر اللہ شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہمارے فوجی جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر حکام نے کہا کہ علاقے سے دہشت گردوں کو کلیئر کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں فرنٹیر کور خیبر پختونخواہ کے نائب صوبیدار حضرت گل شہید کا تعلق ضلع لوئر دیر کی تحصیل تمر گرہ سے جبکہ نائیک نذیر اللہ شہید کا تعلق ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ سے ہے۔
نائب صوبیدار حضرت گل شہید نے سوگواران میں بیوہ، 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں چھوڑیں، سپاہی نذیر اللہ محسود شہید کے غمگساروں میں بیوہ، 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔
شہدائے ارضِ پاک کی یہ قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں جنہیں ہم نے مل کر دہشت گردوں کے خاتمے کی صورت میں ادا کرنا ہے، ہمارا سلام ہو شہدائے وطنِ عزیز کے بہادر، اور جری جوانوں پر جنہوں نے اپنی جوانی وطن کی راہوں پر قربان کر دی۔