لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کے قتل کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی اور تحریک انصاف کے مقامی رہنما راجہ شکیل زمان کی ضمانت منظور ہو گئی۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد نے ظل شاہ کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
حسان نیازی کی جانب سے صدر لاہور بار رانا انتظار ایڈووکیٹ جبکہ راجہ شکیل زمان کی جانب سے برہان معظم ملک ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔
دوران سماعت ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل عبدالجبار ڈوگر نے درخواست ضمانت کی مخالفت میں دلائل دیے، بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو ایک، ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ زمان پارک میں پولیس آپریشن کے روز پاکستان تحریک انصاف کا سرگرم کارکن ظلم شاہ جاں بحق ہوا تھا، پولیس نے واقعہ کو حادثہ قرار دیتے ہوئے عمران خان سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔