لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی۔
زمان پارک میں ہونے والی ملاقات میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہٰی کے درمیان 22 مارچ کے جلسہ سمیت موجودہ ملکی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے پولیس کے آپریشن اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی غیر قانونی گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
یہ بھی پڑھیں: جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے ٹریپ کیا گیا، قتل ہونے سے اللہ نے بچایا: عمران خان
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حالات کیسے بھی ہوں ظلم کے آگے کبھی نہیں جھکوں گا، عوام جاگ چکی ہے، بدھ کا جلسہ ان ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔
چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر پولیس کا حملہ مریم نواز کی سازش ہے، مسلم لیگ (ن) تو پہلے ہی ڈوب رہی تھی مریم نواز کے اس بلنڈر نے مزید غرق کر دیا ہے، عمران خان کی رہائش گاہ پر حملہ بزدلانہ حرکت ہے، حسان نیازی کی گرفتاری کی بھی مذمت کرتے ہیں، یہ اقدامات نہ ماضی میں کامیاب ہوئے ہیں اور نہ اب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہو گا، پرویز الٰہی
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں اور لیڈروں کے گھروں پر چھاپے مارنے والے خود قانون کو مطلوب ہیں، الیکشن بھی ہوں گے اور انشاء اللہ عمران خان دوبارہ وزیر اعظم بھی بنیں گے، عمران خان الیکشن کی بات کر رہے ہیں جواب میں ان پر جھوٹا مقدمہ بنا دیا جاتا ہے، پنجاب کی نگران حکومت جو ظلم کررہی ہے اس کا حساب دینا ہو گا۔
— Ch Parvez Elahi (@ChParvezElahi) March 20, 2023