علی بلال کی ہلاکت پر جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے درخواست دائر

Published On 13 March,2023 10:33 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائی کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن علی بلال المعروف ظل شاہ کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے درخواست دائر کر دی گئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں ظل شاہ کی موت کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست ایڈووکیٹ ندیم سرور کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں پنجاب حکومت، آئی جی پولیس اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ظل شاہ کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے صدر چودھری پرویز الہٰی نے علی بلال عرف ظل شاہ کی موت کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔