بلوچستان میں کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکہ، 6 مزدور جاں بحق

Published On 03 March,2023 11:41 pm

ہرنائی: (ویب ڈیسک) بلوچستان میں ضلع ہرنائی کے علاقہ شاہرگ میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے کے باعث دھماکا کے نتیجے میں 6 کان کن جاں بحق ہو گئے۔

دھماکا کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے 27 گھنٹے طویل امدادی آپریشن کے بعد 4 کان کنوں کو بحفاظت نکال لیا۔

اس موقع پر چیف انسپکٹر مائنز عبدالغنی نے میڈیا کو بتایا کہ ہرنائی کی تحصیل شاہرگ کی ایک کوئلے کی کان میں گزشتہ روز زہریلی گیس بھر جانے کے باعث زود دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور سینکڑوں فٹ گہرائی میں کام میں مصروف کان کن پھنس گئے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک عبدالولی کاکڑ گورنر بلوچستان تعینات، صدرنے منظوری دیدی

چیف انسپکٹر مائنز نے بتایا کہ واقعے کے بعد کان میں پھنسے مزدوروں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، اس دوران کان سے 6 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 27 گھنٹے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کرتے ہوئے 4 افراد کو بحفاظت کان سے نکال لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ کان 2 سال سے بند تھی، واقعے کی انکوائری شروع کردی گئی ہے، ذمہ دار افراد کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔