ملک بھر میں مختلف حادثات، کم از کم 7 افراد ہلاک، 3 زخمی

Published On 21 February,2023 06:32 am

لاہور : ( دنیا نیوز ) ملک بھر میں مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق روہڑی میں تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، حادثہ قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور تین بچے موقع پر ہی جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا، ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر جاں بحق اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔

اوکاڑہ میں دو موٹر سائیکلوں میں تصادم کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، حادثہ اوکاڑہ کے علاقے ماڑی پتن میں فیصل آباد روڈ پر پیش آیا جہاں تیز رفتاری کے باعث دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں خاتون اور اس کا بیٹا موقع پر جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔

بہاولپور کے قریب ایک اور حادثہ پیش آیا، تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل اور کار کے درمیان ہونے والے تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

تمام حادثات کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو ریسکیو ٹیموں نے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔