الیکشن کمیشن کو خط کا معاملہ، عارف علوی اپنی آئینی اوقات میں رہیں، خواجہ آصف

Published On 19 February,2023 12:06 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے صدر عارف علوی اپنی آئینی اوقات میں رہیں اور الیکشن کمیشن کی آئینی حدود میں تجاوز نہ کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عارف علوی صدارت کے منصب کو سیاست کے لیے استعمال نہ کریں، انہیں اپنی نہیں تو کم از کم عہدے کی عزت کا خیال کرنا چاہیے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ صدر علوی کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ 2018ء میں ہونے والی  سلیکشن واردات  کے نتیجے میں اس عہدے پر قابض ہوئے ہیں۔

اپنے پیغام میں سپریم کورٹ فیصلے کا عکس لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریفرنس اور وارننگ کیلئے سپریم کورٹ کا فیصلہ حاضر ہے۔

اس سے قبل پاکستان وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عارف علوی صدر پاکستان بنیں اور منصب کی عزت کا پاس کریں، عمران خان کے ترجمان نہ بنیں، انہوں نے کہا کہ پہلے بھی عمران خان نے صدر، سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور گورنر سے آئین شکنی کرائی، سپریم کورٹ نے اس عمل کو آئین شکنی قرار دیا تھا، صدر کے آئینی منصب کو پارٹی ترجمان کے عہدے میں بدلنا افسوسناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عوام اور معیشت کا بیڑا غرق تحریک انصاف نے کیا، ہم تعمیر نو کر رہے ہیں: مریم نواز

وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر کا الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے کوئی سروکار نہیں، الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، عارف علوی الیکشن کمیشن کے آئینی اختیار میں مداخلت کر رہے ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ عارف علوی فارن فنڈنگ کیس میں شریک جرم ہیں، عمران خان صدر کے منصب کے ذریعے الیکشن کمیشن کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔