کشمیر اور پاکستان دو قالب یک جان، قوم آج یوم یکجہتی کشمیر منائے گی

Published On 05 February,2023 12:14 am

لاہور: (دنیا نیوز) کشمیر اور پاکستان، دو قالب، یک جان ہیں، کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنے کرتے نہتے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم لیے قوم آج یوم یکجہتی کشمیر منائے گی۔

ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے تقاریب اور سیمینار ہوں گے جن میں قابض فورسز کی بربریت کیخلاف آواز اٹھائی جائے گی۔

مقررین کی جانب سے عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف دلائی جائے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر سال 5 فروری کو پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، حق خودارادیت کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کی حمایت کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر سب سے پرانے حل طلب مسائل میں سے ایک ہے، گزشتہ 75 برسوں میں بھارت نے جموں و کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ جاری رکھا ہوا ہے، بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کو پاکستان اور کشمیریوں نے مسترد کر دیا ہے، جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال شدید تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے، بھارت نے کرفیو، بلیک آؤٹ، من مانی نظر بندی، قید اور بنیادی حقوق سے انکار کیا ہے، بھارت نے کشمیری مردوں، عورتوں اور بچوں کو ڈھٹائی سے نشانہ بنایا ہے، کشمیری سیاسی قیادت کو غیر قانونی طور پر نظر بند کیا گیا ہے، میڈیا کو جبر کے ذریعے خاموش کر دیا گیا ہے، علمائے کرام کو گرفتار کیا گیا ہے، سخت قوانین بنائے گئے، جو کشمیری عوام کی بنیادی آزادیوں سے انکار کرتے ہیں، بھارت نے کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں لانے کے لیے مہم تیز کر دی ہے، یہ اقدامات یو این سکیورٹی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین، جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہیں، ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستان، اقوام متحدہ اور کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کا احترام کرے، کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت آزادی حاصل کرنے تک جاری رکھیں گے۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج یوم یکجہتی کشمیر کا دن پورے قومی عزم اور جذبے کے ساتھ منائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے آزاد اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے رہنے والے بہادر، غیور اور آزادی کے متوالے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف تنازعہ جموں و کشمیر پر ریاست پاکستان کے موقف اور کشمیریوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر یوم یکجہتی کشمیر ملک بھر میں بھرپور جذبے اور ولولے سے منایا جا رہا ہے، یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں مختلف تقریبات منعقد ہوں گی، تعلیمی اداروں میں یوم یک جہتی کشمیر کے سلسلے میں سرگرمیاں بھی ترتیب دی گئی ہیں، الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی صوبہ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت کر رکھی ہے، پنجاب کے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز، اضلاع اور تحصیلوں میں یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماعات ہوں گے، کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے شہر شہر ریلیاں نکالی جائیں گی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عوام سے یوم یکجہتی کشمیر کے اجتماعات میں بھرپور شرکت کی اپیل کی، انہوں نے کہا کہ لوگ ریلیوں میں پاکستان اور کشمیر کے پرچم لے کر نکلیں، 5 فروری کو قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی، کشمیر کے عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے، بھارت ظلم و جبر سے زیادہ دیر تک کشمیر پر اپنا قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتا۔

مشعال ملک کا پیغام
یوم یکجہتی کشمیر پر مشعال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گزشتہ 30 برس سے پاکستانی قوم اظہار یکجہتی کا دن منا رہی ہے، گزشتہ 75 برسوں سے بھارتی فوج کشمیریوں پر ظلم و بربریت جاری رکھے ہوئے ہے، آج تک لاکھوں کشمیری تحریک آزادی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، کشمیریوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ انہیں حق خودارادیت دیا جائے، ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کی شکر گزار ہوں کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک دنیا سے اپیل ہے کہ بین الاقوامی عدالت میں بھارت سے کشمیریوں کی نسل کشی پر جواب مانگا جائے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس
5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری آج کے دن دنیا کو پیغام دیتے ہیں کہ کشمیر کی تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، آج کا دن دنیا کو پیغام ہے، کشمیریوں کا استحصال ہو رہا ہے، دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بربریت کا نوٹس لے، کشمیریوں کو انکا بنیادی زندگی گزارنے کا حق دیا جائے، انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستانی پرچم میں شہید ہوتے ہیں، کشمیری پوائنٹ آف نو ریٹرن پر ہیں، دنیا میں موجود اوورسیز کشمیری اور پاکستانی آج کے دن باہر نکلیں، انہوں نے کہا کہ بھارت نے اگر کشمیر میں ظلم و بربریت بند نہ کی تو یہ چنگاری جلد پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

بلاول بھٹو زرداری
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری بھائی اور بہنیں 75 سال سے وحشیانہ بھارتی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، 7 دہائیوں سے زائد عرصہ سے بھارتی قابض افواج نے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے ہیں، آج مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی علاقوں میں سے ایک ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں 9 لاکھ سے زیادہ قابض بھارتی فوج تعینات ہے، بھارت نے 5 اگست 2019 کو غیر قانونی اقدامات سے کشمیر کے لوگوں کو دبانے کا نیا باب کھول دیا، بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ختم کرنا ہوں گی، جب تک کشمیری بھارتی مظالم کا شکار ہیں پاکستان چین سے نہیں بیٹھے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی اور اپنے حق خود ارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، وہ وقت دورنہیں جب انہیں اپنی جدوجہد میں کامیابی نصیب ہو گی، اب تک ہزاروں کشمیری جوان، بچے، بزرگ اورعورتیں اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت زبردستی قبضہ کے ذریعے کشمیری عوام کے حقوق کو پامال کر رہا ہے اور بے گناہ کشمیری عوام پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دلوایا جائے۔