لال حویلی کیس، ہائی کورٹ کی متروکہ وقف املاک کو 15 دن میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت

Published On 30 January,2023 05:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں لال حویلی کو ڈی سیل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس مرزا وقاص رؤف نے لال حویلی کو ڈی سیل کرنے سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

ایڈمنسٹریٹر وقف املاک نے عدالت میں جواب دیا کہ لال حویلی کو سیل نہیں کیا گیا اس سے متصل پراپرٹی کو سیل کیا گیا، جس کے بعد عدالت نے لال حویلی میں سیل کئے جانے والے 7 یونٹس کو ڈی سیل کرنے کی استدعا خارج کر دی۔

متروکہ وقف املاک کو 15 دن میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت بھی کر دی، عدالت نے متروکہ وقف املاک کو شیخ رشید کی دائر کردہ اپیل پر سماعت کیلئے 15دن دئیے، واضح موقف پیش نہ کرنے پر ایڈمنسٹریٹر وقف املاک کی سرزنش بھی کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: لال حویلی معاملہ ، لاہور ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی درخواست سماعت کیلئے منظور

شیخ رشید احمد نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وکیل سردار رازق نے بہت بہتر انداز میں کیس لڑا ہے، عدالت نے متروکہ وقف املاک کو ہدایت کی ہے کہ لال حویلی کا راستہ نہیں روکا جائے گا۔

سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ لال حویلی آنے جانے والوں کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، حویلی سے متصل دیگر یونٹس سے متعلق وقف املاک 15 دن میں فیصلہ کرے گا۔