سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی فرانزک رپورٹ جاری

Published On 30 January,2023 02:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان پر وزیر آباد میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی فرانزک رپورٹ سامنے آگئی۔

سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کے دوران استعمال ہونے والے اسلحے اور گولیوں کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ چار صفحات پر مشتمل ہے۔

فرانزک پورٹ کے مطابق عمران خان پر حملے کے جائے وقوعہ سے تحقیقاتی ٹیم کو 31 گولیاں یا ان کے خول ملے، 3 گولیوں کے ٹکڑے کنٹینر پر لگے جو سپیکر سے ملے، 3 گولیوں کے ٹکڑے کنٹینرکی گرل سے ملے، ایک گولی کا خول قریبی دکان کے اندر زمین سے ملا اور 14 گولیوں کے خول سڑک سے ملے جبکہ ملزم نوید کے گھرکے قریب بھی ایک گراؤنڈ سے 10 خول ملے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو 2 گولیاں کسی چیز سے ٹکرانے کے بعد لگیں، ایک مکمل گولی بھی عمران خان کو لگی، عمران خان کو ایک دھات کا ٹکڑا بھی لگا جو بعد ازاں جسم سے نکال لیا گیا، چار گولیاں ایسی تھیں جو ملزم نوید کے پستول سے چلائی گئی تھیں۔

تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والی 2 گولیاں کلاشنکوف کی ہیں، ملزم سے ملنے والے ایک پستول کا بھی فرانزک کروایا گیا ہے، ملزم کے پستول سے ایک فائر ٹیسٹ بھی کیا گیا۔