اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک آج جن بحرانوں کا شکار ہے تو اس کا ذمہ دار عمران خان ہے، ان کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے ملک معاشی تباہی کا شکار ہوا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کا خطاب "روندی یاراں نوں لے لے ناں بھراواں دا" کے مترادف ہے، چار سال جو جرائم خود کرتا رہا ہے، اب دوسروں کے نام لے لے کر ان کو دوہرا رہا ہے، قوم ان کے جھوٹ، فراڈ اور جعلسازی کی تاریخ جان چکی ہے، 10 اپریل 2022 وہ فیصلہ کن مرحلہ تھا جب آئین کی طاقت سے ملکی تباہی کا عمل روک دیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان 22 سال سے تیاری کر کے بھی فیل ہوتا رہا ہے یہ وہ نالائق ہے جو ایگزامینر کو ساتھ ملا کر بھی فیل ہوگیا، ان کا انقلاب گھڑیاں چوری کرنا اور قومی مفادات بیچنا ہے، "انقلابی اقدامات" آڈیوز میں قوم نے سن لئے ہیں، عمران خان کے منہ میں خاک، پاکستان کو معاشی ڈیفالٹ سے بچایا ہے،عمران خان پرویز الہٰی سے روز بے عزت ہونے کا غصہ کسی اور پر نکالتا ہے۔