اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ حملہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بریت کے خلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے پیر کو اپیل سماعت کیلئے مقرر کی ہے، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اپیل کی سماعت کریں گے، وفاق نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے اپیل دائر کر رکھی ہے۔
عمران خان، پرویز خٹک و دیگر کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے، اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ خلاف قانون ہے، ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں فیصلہ کیا، واضح رہے خصوصی عدالت نے 29 اکتوبر 2020 کو عمران خان و دیگر کی بریت کا فیصلہ دیا تھا۔