جنوبی وزیرستان: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں آپریشن کے دوران 11 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے، اس کے علاوہ ضلع جنوبی وزیرستان میں پولیس کی ٹارکٹ کلنگ میں بھی مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے نتیجے میں 2 خود کش حملہ آور بھی ہلاک ہوئے، مرنے والوں میں دہشت گردوں کا کمانڈر حافظ اللہ عرف طور حافظ بھی شامل ہے، آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔