میران شاہ (دنیا نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خود کش دھماکہ ہوا ہے جس میں نائیک سمیت 3 افراد شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، بم دھماکے میں نائیک عابد اور 2 شہری شہید ہوئے ہیں جبکہ ایک شہری زخمی بھی ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید فوجی جوان نائیک عابد کا تعلق مانسہرہ سے ہے، دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشتگردوں کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے نائیک عابد اور دو شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اورغم کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات ملکی امن کیلئے انتہائی تشویشناک ہیں، دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔