سی ٹی ڈی پنجاب کا بڑا آپریشن ، کالعدم تنظیم کے 5 دہشتگرد گرفتار

Published On 31 December,2022 12:08 pm

لاہور:(دنیا نیوز) دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سی ٹی ڈی پنجاب کا بڑا کریک ڈاؤن ، مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے پانچ دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

سی ٹی ڈی پنجاب نے ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 24 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

گرفتار دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان سمیت مختلف کالعدم تنظیموں کے ارکان اسرار احمد،  فاروق شاہ،  سیف اللہ ، سید شاہ زیب اقبال اوراحمد خان ولد عبدالحکیم خان شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے خود کش جیکٹ بنانے کا سامان، بارودی مواد ، اسلحہ ، ممنوعہ لٹریچر بھی برآمد کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد حساس اضلاع میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے۔

مبینہ دہشت گردوں کے خلاف شیخوپورہ، ڈی جی خان اور ملتان میں مقدمات درج کر کے ان کو نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا بتانا ہے کہ سی ٹی ڈی نے رواں ہفتے 504 کومبنگ آپریشنز میں 21 ہزار سے زائد افراد کو چیک کیا ، 153 مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ کارروائیوں کے دوران 67 بازیابیاں بھی کی گئیں ۔

 سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ  کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے،  دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑے جائے گی۔