اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پی ٹی آئی کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، سائفر سے متعلق سابق وزیر اعظم عمران خان کی آڈیو لیکس کا معاملہ پر وفاقی کابینہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی۔
سابق وزیراعظم عمران خان، انکے وزراء اور پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کی سائفر سے متعلق گفتگو کی تحقیقات کرنے والی ٹیم پانچ ارکان پر مشتمل ہو گی، نوٹیفیکیشن کےمطابق ایف آئی اے اسلام آباد زون کے سربراہ تحقیقاتی ٹیم کے ڈائریکٹر ہوں گے۔
ٹیم میں آئی ایس آئی، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی بی کے نمائندے شامل ہیں، ٹیم عمران خان،سابق وزراء اور اعظم خان کی سائفر سے متعلق گفتگو کی تحقیقات کرے گی۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے یکم اکتوبر کو ایف آئی اے کو تحقیقات کرنے کی منظوری دی تھی۔