بھکر: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ چاہتے ہیں ہم امریکی غلاموں کو تسلیم کریں، دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے۔جھوٹ بولنے والی شہزادی چوروں کی کمپین کر رہی ہے۔
پنجاب میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے بھکر میں پی پی 90 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم صرف اللہ کی عبادت کرتے ہیں اور اللہ ہی سے مدد مانگتے ہیں، ہم اللہ کے سوا کسی کے آگے نہیں جھکتے، اتنی بڑی تعداد میں آنے پر دریا خان کے لوگوں کا مشکور ہوں، ثناء اللہ مستی خیل کو لوٹا بنانے کی پوری کوشش ہوئی مگر وہ نہیں ہوئے، دریا خان سے جو بھی ایم پی اے بنتا ہے وہ ہر بار کیوں لوٹا ہو جاتا ہے، اس گرمی میں دریا خان کے لوگ آئے آپ کو سلام پیش کرتا ہوں، جب انسان کا کوئی قبلہ نہ ہو تو وہ لوٹا ہو جاتا ہے، جہاں فائدہ نظر آتا ہے لوٹے کا منہ اس طرف ہو جاتا ہے، قبلہ نہیں ہوتا تو جہاں سے پیسہ دھمکی ملتی ہے لوٹا وہیں چلا جاتا ہے، جب لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک تباہ کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں آپ سب نے لوٹوں کو شکست دینی ہے، میں نے آپ کی ڈیوٹی لگانا ہے آپ نے گھر گھر جانا ہے، امریکی سازش کے تحت ہم پر چوروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کیا گیا ، سیاست میں 26 سال سے ان چوروں کا مقابلہ کر رہا ہوں، یہ الیکشن نہیں بلکہ جہاد ہے، یہ چور 30 سال سے ملک کا خون چوس رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں ہم ان امریکی غلاموں کو تسلیم کریں، ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں، ہمارے لوگوں کو فون آتا ہے کہ تمہیں اٹھا کر جیلوں میں ڈال دیں گے، صحافیوں پر ایف آئی آرز کٹ رہی ہیں، مجھ پر بھی ایف آئی آرز درج ہیں، ہزاروں بھی درج ہوں اور میری جان بھی چلے جائے تو چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔
پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ امریکا کے ایک غلام کو وزیراعلیٰ بنایا گیا، غلام وزیراعظم کہتا ہے ہم مجبور اور بھکاری ہیں اس لیے امریکا کی غلامی کرنی ہے، ان کا وزیر خواجہ آصف کہتا ہے ہم زندہ ہیں تو امریکا کی وجہ سے ہیں، ہم ان کے خلاف حقیقی آزادی کی جنگ اور جدوجہد کرنی ہے، ان کو تسلیم کر لیا تو ہم ساری زندگی امریکا کی غلامی کرتے رہیں گے، شریف اور زرداری خاندان 32 سال سے حکومت کر رہا ہے، 32 سال بعد بھی کہتے ہیں ہمارا ملک غریب ہے، یہ مہنگائی کم کرنے آئے تھے، چوروں نے آتے ہی مہنگائی مزید بڑھا دی۔ یہ چوری ختم کرنے نہیں بلکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے آئے ہیں۔
کراچی میں بارش کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ کراچی کا پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر بھیج دیتے ہیں، کراچی ملک معاشی حب ہے، ان چوروں اس شہر کا کیا حال کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان چوروں کی مہم چلانے والی جھوٹوں کی شہزادی ہے، 8 سال پہلے کہتی تھی میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہیں ہے، سلیمان شہباز کک بیکس اسپیشلٹ کو بھی آپ نے سن لیا ہے، پاناما پیپرز آتے ہیں پتہ چلتا ہے ان لوگوں نے دولت چھپائی ہوئی تھی، پاناما پیپرز میں پتہ چلا لندن میں چار محلات مریم نواز کے ہیں، انکشاف کے بعد مریم کا بھائی کہتا ہے الحمد للہ میرے اپارٹمنٹس ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جھوٹ بولنے والی شہزادی چوروں کی کمپین کر رہی ہے، مریم بی بی کہتی تھیں لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، پانامہ پیپرز میں پتہ چلا لندن کے مہنگے علاقے میں 4 ارب روپے کی جائیداد مریم کے نام نکلی۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر آئینی طور پر وزیراعلیٰ حمزہ شہباز بھی چور ہے، اس ملک کی سب سے بڑی بیماری بھی آپ کے ساتھ ملا ہوا ہے، سلیمان شہباز کہتا تھا جس پرپارٹی کی بات کر رہے ہیں لا کر دکھائیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کتنی بار مریم اور حمزہ کے پاس گئے تھے، چیف الیکشن کمشنر بتاؤ کس طرح دھاندلی کر رہے ہو، انہوں نے دھاندلی کرنے کا پروگرام بنایا ہوا تھا، پاکستانیو! تیار ہو جاؤ اب یہ چور دھاندلی کے لیے اُتر رہے ہیں، ایک مسٹر ایکس ہے مجھے خبر ملی ہے کہ تم نے مسٹر وائی کے ساتھ مل کر دھاندلی کی تیاری کی ہوئی ہےاور مسٹر وائی کو ملتان پہنچا دیا ہے۔ دھاندلی کے تیاری کے ساتھ وہ لوگوں میں خوف پھیلا رہے ہیں، دھاندلی کی کوشش کی گئی تو بتانا چاہتا ہوں عوام پھینٹی لگائیں گے۔
بارشوں نے زرداری کے 14سالہ کرپٹ دورِاقتدار کی حقیقت بے نقاب کردی:عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ نوجوانوں کے لیے خاص پیغام دینا چاہتا ہوں، 17 جولائی کو 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہے، ملک پر بیرونی سازش کے تحت چوروں کو مسلط کیا گیا، چوروں نے اقتدار میں آ کر اپنی چوری بچانے کے لیے 11 سو ارب کا ڈاکہ مارا۔
عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ملک کو مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیا اور معیشت تباہ کردی، سب نوجوانوں کو خود بھی نکلنا ہے اور عام عوام کو بھی نکالنا ہے، یہ چور صرف ایک طرح الیکشن جیت سکتے ہیں اور وہ دھاندلی ہے۔ ہمیں مل کر دھاندلی کو شکست دینی ہے اور انشاءاللہ ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ بارشوں نےایک مرتبہ پھر سندھ میں زرداری اورخاندان کے 14سالہ کرپٹ دورِاقتدار کی حقیقت بےنقاب کردی ہے۔ کرپشن کیسےگورننس کو تباہ کرتی ہے، یہ اسکی مثال ہے۔ کراچی کو دیاجانےوالا پیسہ جعلی اکاؤنٹس کی نذر ہوا یا دبئی کی جائیدادوں میں لگا دیا گیا۔ شر کے اس گٹھ جوڑ کاخاتمہ اب لازم ہے۔