ساہیوال: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مشکل فیصلے ہوچکے، اب اچھا وقت آئے گا۔ اگلے دو دن میں شہباز شریف عوام کے لئے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں۔
ضمنی انتخابات کے حوالے سے حلقہ پی پی 202 چیچہ وطنی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ آپ نے میرا شاندار استقبال کر کے میرا دل جیت لیا، میں آپ لوگوں کی محبتوں کی شکر گزار ہوں، چیچہ وطنی کا جذبہ بتا رہا ہے کہ 17کو شیر آرہا ہے۔ چیچہ وطنی 17 جولائی کو فیصلہ سنائے گا کہ ایک مرتبہ پھر یہ شہر شیرکے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں عمران خان کی وجہ سے بڑھانی پڑیں، جتنے مشکل فیصلے ہونے والے تھے وہ ہو گئے، شہباز شریف عوام کے لئے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں کم ہوتے ہی وزیراعظم عوام کو ریلیف دینگے، عمران خان کی صورت میں جو بلا آئی تھی وہ ٹل گئی ہے، ہاں ہم آلو پیاز کے ریٹ پتہ کرنے آئے ہیں۔ روز میڈیا پر عمران خان کے کارنامے کھلتے ہیں، پنجاب میں آکر ڈیڑھ گھنٹہ ہمارا سر کھاتا ہے، عمران خان چار سال میں کوئی چار کام بھی نہیں کر سکے، ہم عوام کی مشکلات کو ختم کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس شخص نے حکومت میں آنے سے قبل عوام سے پانچ وعدے کیے تھے جن میں پہلا وعدہ یہ تھا کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں ملیں گی، تو کیا اس جلسے میں کوئی ایک شخص بھی موجود ہے جس کو ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک نوکری بھی ملی، مگر اس کے برعکس اس کے دور حکومت میں ایک کروڑ افراد بیروزگار ہوگئے۔
مریم نواز نے کہا کہ اس شخص نے دوسرا وعدہ یہ کیا تھا کہ عوام کو پچاس لاکھ مفت گھر دوں گا تو کیا اس عوامی سمندر میں کوئی ایک شخص بھی موجود ہے جس کو ایک گھر بھی ملا، تیسرا وعدہ یہ کیا کہ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنا دوں گا لیکن یونیورسٹی کے بجائے اس فتنہ خان نے اس جگہ کو اغوا کا اڈہ بنا دیا، جس کا مثال یہ ہے ایک خاتون چیئرمین نیب کی وڈیو لے کر وزیر اعظم ہاؤس پہنچی تو اس شخص نے اس خاتون کو ڈیڑھ مہینہ حبس بے جا میں رکھا اور وزیر اعظم ہاؤس کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ چوتھا وعدہ یہ کیا تھا کہ نوے دن میں کرپشن ختم کرکے دکھاؤں گا لیکن اس فتنہ خان نے پاکستان میں کرپشن کا ایک ایسا نیا نظام متعارف کروایا کہ جو ممالک کرپشن میں آگے تھے وہ بھی دنگ رہے گئے، یہ پہلا حکمران ہے جس نے توشہ خانہ اور بیت المال کو اپنا ذریعہ معاش بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی رشوت میں انگوٹھیاں لے کر لوگوں کی فائلوں پر عمران خان سے دستخط کروایا کرتی تھی، اس طرح پنجاب کے عوام کا استحصال ہوا ہے، کیا اس سے بڑا کوئی پنجاب کا دشمن ہے۔
ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان نے کبھی عوام کی عدالت میں صفائی پیش نہیں کی، آج کل فتنہ خان تقریروں میں گالیاں دیتا ہے، عمران خان روتا پھر رہا ہے دھاندلی ہونے والی ہے، عمران خان جان چکا ہے پنجاب اس کو ووٹ نہیں دے گا، پنجاب کو پتہ چل گیا ہے کہ گوگی اور بشریٰ کو ووٹ نہیں دینا۔پنجاب میں پنکی پیرنی کا کالا جادو نہیں چلنے والا، پنجاب کے عوم کو مفت بجلی ملتی ہے تو فتنہ خان کو کیوں تکلیف ہوتی ہے، صوبے کے بچے غریب ہو گئے بشری بی بی کے بچے راتوں رات ارب پتی بن گئے۔