کراچی : (لیاقت علی رانا) سندھ ہائیکورٹ نے عامر لیاقت کی قبر کشائی کا حکم معطل کردیا، عدالت نے سیکرٹری صحت اور میڈیکل بورڈ کو نوٹس جاری کردیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم معطل کرتے ہوئے مزید سماعت 29 جون تک ملتوی کردی،عامر لیاقت حسین کے اہلخانہ نے پوسٹمارٹم کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
قبل ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ کودرخواست گزار نے کہا کہ عامر لیاقت حسین کی موت مشکوک ہے جس پر درخواست منظور کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ نے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے اور قبرکشائی کر کے پوسٹمارٹم کا حکم جاری کردیا۔
دوسری جانب اہلخانہ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ آج بھی اس بات پرقائم ہیں کہ عامر لیاقت حسین کا پوسٹمارٹم نہیں ہونا چاہیے کیوں کہ اس سے عامرلیاقت کی لاش کی بے حرمتی ہوگی اور مرحوم کی روح کوتکلیف پہنچےگی، لہذاعدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کا حکم کالعدم قرار دیا جائے کیوں کہ انہوں نے اپنے دائرہ اختیار کا غلط استعمال کیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں سماعت شروع ہوئی توعدالت عالیہ نے درخواست گزار کے وکیل ضیاء اعوان کوضابط فوجداری کی سیکشن 175 پڑھنے کی ہدایت کی۔
وکیل نےموقف اختیارکیا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد عامر لیاقت حسین کی تدفین کی گئی ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کا فیصلہ غیرقانونی ہے اسے معطل کیا جائے، عدالت عالیہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے 29 جون تک عمل درآمد روک دیا، فاضل عدالت نے میڈیکل بورڈ اور دیگرفریقین کوآئندہ سماعت تک نوٹس بھی جاری کردئیے۔