کراچی (لیاقت علی رانا) جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ کراچی وزیر حسین میمن نے شہری کی درخواست منظور کرتے ہوٸے پولیس کو معروف اینکر عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرانے حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ میں عامرلیاقت کا پوسٹمارٹم کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت میں عامر لیاقت کے ورثا اور سرکاری وکیل پیش ہوئے، عدالت نے شہری کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے پولیس کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دے دیا۔
کراچی کے مقامی شہری عبدالاحد نے درخواست داٸر کرتے ہوٸے موقف اختیار کیا تھا کہ عامر لیاقت حسین کی موت مشکوک اندازمیں ہوٸی ہے، عامر لیاقت نے تین شادیاں کررکھیں تھیں
راجہ ارسلان ایڈووکیٹ کے توسط سے داٸر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عامر لیاقت کی جاٸیداد کا تنازعہ تھا اس لٸےشک ہے کہ انھیں قتل کیا گیا ہے، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم جاری کیا جاٸے۔
سرکاری وکیل سجاد علی دشتی نے موقف اپنایا تھا کہ مرحوم عامر لیاقت کے اہل خانہ پوسٹ مارٹم نہیں کروانا چاہتے، ان کا کہنا ہے کہ اس سےعامر لیاقت کی روح کوتکلیف پہنچے گی۔
عامر لیاقت کے ورثا کا کہنا ہے کہ انھیں کسی پر شک بھی نہیں ہے اور عامر لیاقت طبی موت مرے ہیں، پولیس سرجن نےعدالت میں رپورٹ پیش کرتے ہوٸے موقف اپنایا کہ موت کی وجوہات جاننے کیلٸےضروری ہے کہ جسم کا اندرونی جاٸزہ لیا جاٸے۔
عدالت نے فریقین کے دلاٸل کے بعد درخواست پرفیصلہ محفوظ کیا اور پھر 3 گھنٹے کے بعد عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کی درخواست منظور کر لی اور پولیس کو بورڈ بنا کر پوسٹمارٹم کرانے کا حکم دے دیا۔