بجلی بحران، سندھ بھر میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کا حکم

Published On 17 June,2022 03:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) بجلی بحران کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ میں تمام بازار، دکانیں، مارکیٹس اورشاپنگ مال رات 9 بجے بند کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے کے بعد جاری رکھنا ممنوع قرار دیا گیا ہے جس کے تحت رات 9 بجے تمام بازار، دکانیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کردیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ ہوٹلز، ریسٹورینٹس، کافی شاپس اور کیفے رات 11 بجے بند کیے جائیں گے، میڈیکل سٹورز، ہسپتالوں، پیٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز، بیکریز اور دودھ کی دکانوں پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے کاروباری اوقات محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نئے کاروباری اوقات کا اطلاق آج سے ہوگا جب کہ فیصلہ ایک مہینے کے لیے کیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق سندھ میں تمام شادی ہالز اور بینکوئٹ میں شادی اور دیگر تقاریب رات ساڑھے دس بجے تک ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔