ٹیکسز کی چھری تیار، آئندہ بجٹ لوگوں پر مزید قیامت ڈھائے گا: پرویز الٰہی

Published On 03 June,2022 09:59 pm

لاہور:(دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ 6 دن پہلے پٹرول اور ڈیزل بم گرائے گئے، امپورٹڈ حکومت کی تسلی نہیں ہوئی پھر مہنگائی کا دوسرا بم عوام پر گرا دیا، بجلی کی قیمت بڑھا دی، ٹیکسز کی چھری بھی تیار ہے، آئندہ بجٹ لوگوں پرمزید قیامت ڈھائے گا۔

چودھری پرویزالٰہی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ آئی ایم ایف کے دباؤ پر مہنگائی کر کے لوگوں کو برباد کیا جارہا ہے، ملکی معاشی مسائل آئی ایم ایف کے پاس جانے سے نہیں بلکہ تجارت بڑھانے سے کم ہوں گے، مہنگائی کا نیا طوفان عوام پر مسلط کر دیا گیا ہے، اس ظالمانہ فیصلے سے خالات خراب تر ہوں گے، روس سے تیس فیصد سستا پٹرول کیوں نہیں لیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے عوام کو بارہ بارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کا تحفہ دیا ہے، کپڑے فروخت کر کے عوام کو ریلیف دینے والوں نے عوام کے ہی کپڑے اتار دئیے، پٹرولیم مصنوعات سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کرتے ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ نااہل لوگ ہیں جو صرف تباہی مچانے کیلئے آئے ہیں، نااہل حکمران صرف حکومت کے لالچ میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کا خون نچوڑ رہے ہیں، پٹرولیم مصنوعات میں ریکارڈ 60 روپے اضافہ ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے مترادف ہے۔