لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی کسی بات پر یقین نہیں کرتا، تحریک عدم اعتماد آگئی تو حمزہ شہباز فارغ ہیں۔
لاہور میں سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی سے وکلا کے وفد نے ملاقات کی جس میں صوبے کے آئینی اور سیاسی بحران پر گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اراکین پنجاب اسمبلی پر پولیس تشدد کے خلاف ایکشن لیں گے، استحقاق کمیٹی میں آئی جی اور چیف سیکریٹری کو بلا کر سزا دیں گے۔ سارے معاملے میں اصل سرغنہ آئی جی اور چیف سیکریٹری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی کسی بات پر یقین نہیں کرتا، تحریک عدم اعتماد آگئی تو حمزہ شہباز فارغ ہیں۔ عدالتی فیصلے کا انتظار ہے، پی ٹی آئی کے 20 لوٹے ن لیگ کا ٹکٹ مانگ رہے ہیں، حمزہ شہباز ان لوٹوں سے ملاقات نہیں کر رہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مریم نواز بھی الیکشن کی بات کر رہی ہیں، یہی بات عمران خان کر رہے ہیں۔ حکمران عمران خان کو گرفتار کریں گے تو اپنی سیاسی قبر خود کھودیں گے۔ پنجاب میں بحران تب ختم ہوگا جب حمزہ شہباز گھر جائے گا۔
موجودہ حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزیروں کی کوئی اوقات ہے نہ اپنی سوچ اور نہ ویژن ہے۔
وزیراعلیٰ کے حلف سے متعلق چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے گورنر حلف لیتا ہے اسپیکر قومی اسمبلی کیسے لے سکتا ہے۔ عمران خان نے خون خرابے سے بچنے کے لیے اپنے لوگوں کو روکا۔ پولیس کی شیلنگ اور فائرنگ سے تین اموات ہوئیں۔ یاسمین راشد کینسر کی مریض ہیں انہیں یہ گھسیٹتے رہے۔