لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ جیسے ہی خان صاحب کی کال آئے گی سب وہاں پہنچیں گے، انہوں نے بہت سوچ سمجھ کر یہ پروگرام بنایا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہم خان صاحب کے ساتھ آن بورڈ ہیں، ان کے ساتھ ہیں، یہ ضروری ہے کہ قومی سطح پر ملک میں الیکشن ہو۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور اس کے بیٹے حمزہ شہباز نے انتہا کردی ہے، پولیس ماڈل ٹاؤن اور گلبرگ میں دروازے توڑ کر گھروں میں داخل ہوئی، علامہ اقبالؒ کی بہو بیگم ناصرہ جاوید کے گھر بھی کریک ڈاؤن کیا گیا، باپ، بیٹا علامہ اقبال کے شعر پڑھتے ہیں، انہیں شرم نہیں آتی۔ میں پنجاب اسمبلی کے ایوان کا کسٹوڈین ہوں ، اس واقعے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بھی بلا رہے ہیں۔
ق لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کے اپنے گھروں میں خواتین نہیں ہیں کیا، چیف سیکریٹری سمیت تمام سرکاری ملازمین سن لیں ان سے سب حساب لیا جائے گا۔ عمران خان صاحب کی ایک کال پر ہزاروں لوگ گھروں سے باہر نکل آتے ہیں، ان کی ساری پریشانی ہے عمران کے بڑے بڑے جلسوں سے ہے۔
پنجاب اسمبلی کے سپیکر کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو بات کرنے والے ہیں وہ خان صاحب سے بات کریں گے تو بات آگے بڑھے گی۔