لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا ان کے بنیادی حقوق میں شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی سے سابق قومی اسمبلی نذیر جٹ اور ان کی صاحبزادی عائشہ نذیر جٹ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیئرمین ہانگ کانگ چیمبر آف کامرس اوورسیز پاکستانی چودھری گلزار محمد اور ڈاکٹر سرفراز بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ن لیگ صرف اے ٹی ایم چلانا جانتی ہے،ای وی ایم نہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا ان کے بنیادی حقوق میں شامل ہے، ان کو عقل نہیں کہ فارن ایکسچینج اوورسیز پاکستانی بھیجتے ہیں جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوتی ہے، نذیر جٹ سعودی عرب میں اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق بڑی خوش اسلوبی سے ادا کر رہے ہیں۔
چودھری نذیر جٹ نے کہا کہ عمران خان کا آزادی لانگ مارچ پہلے بھی کامیاب ہوا تھا، ان کے حکم پر تحریک انصاف کے کارکن ڈی چوک پہنچ گئے تھے، پولیس اور انتظامیہ نے کارکنوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے میری آنکھ پر بھی چوٹ آئی، ہم احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹے، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔