اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصا ف نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کر دیا۔
رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کا میڈیا ٹاک کے دوران کہنا تھا کہ سیاسی قیادت کا سکندر سلطان راجہ پر اعتماد ختم ہو چکا، بہتر ہے وہ نون لیگ میں کوئی عہدہ لے لیں، ممبر سندھ نثار درانی کے خلاف بھی ریفرنس لایا جائے گا، الیکشن کمیشن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نمائندگی نہ ہونا بڑا سوالیہ نشان ہے۔
دریں اثنا تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کےخلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں دائرکر دیا۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 215 سولہ کے تحت نثار درانی مس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے ہیں۔ نثاردرانی نے لاء کالج حیدرآباد کے پرنسپل کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا۔ آئین کے مطابق سرکاری عہدے پر فائزشخص کوئی دوسراعہدہ نہیں رکھ سکتا، انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔