اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے اپنی نااہلی کےخلاف اپیل میں سینیٹر نثار کھوڑو کو فریق بنا لیا۔ سپریم کورٹ نے نا اہلی کیس میں نثار کھوڑو کو جواب جمع کرانے کا مشروط حکم دیدیا۔
عدالت کا کہنا ہے کہ نثار کھوڑو چاہے تو تحریری جواب جمع کرا سکتے ہیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ نااہلی کے مقدمہ کا فیصلہ جلد سننا چاہتے ہیں۔ وکیل کی والدہ کے انتقال کے باعث سماعت ملتوی کر رہے ہیں۔ ویسے بھی اپیل تین رکنی بینچ نے سننی ہے۔ اگلے ہفتے بینچ دستیاب نہیں ہو گا۔
عدالت نے 23 مئی کے عدالتی ہفتے میں کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی التواء کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔