اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزارت داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف، مریم نواز، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، شاہد خاقان عباسی، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف سمیت 100 سے زائد افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکال دیئے۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے ای سی ایل سے نکالے گئے ناموں میں سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، مریم نواز، نصرت شہباز، عبداللہ خاقان، مفتاح اسماعیل سمیت کئی اور اہم شخصیات شامل ہیں۔ نیب اور ایف آئی اے کی سفارش پر اہم شخصیات کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ عدالت، حساس ادارے کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالے گئے نام موجود رہیں گے، 3 ہزار کے قریب نام ای سی ایل سے نکالے جانے ہیں، وزرات داخلہ میں لسٹوں کی چھانٹی جاری ہے، 4 ماہ تک رہنے والے تمام نام ای سی ایل سے نکال دیئے جائیں گے۔