اسلام آباد : (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا اور کمیٹی ممبران شریک ہیں، اجلاس میں مسلسل بدلتی سیاسی صورت حال سے متعلق مشاورت ہو گی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو اتحادیوں سےرابطوں پر بریفنگ دی جائے گی، سیاسی بیانیہ سمیت امور پر حکومت کو درپیش چیلنجز پر مشاورت بھی ہو گی، اجلاس کے دوران ایم کیو ایم کی اپوزیشن کی جانب پیش قدمی پر بھی غور کیا جائے گا جبکہ دیگر اتحادی اراکین اسمبلی کی جانب سے کنفیوژن کی صورتحال سے متعلق حکمت عملی بھی تیار کی جائے گی۔
تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت سخت مشکل میں گھری نظر آتی ہے، باپ کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے اپوزیشن کی حمایت کا متوقع اعلان تحریک انصاف کیلئے درد سر بنا ہوا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ حکومت موجودہ صورتحال سے نمٹنے کا کیا سامان کرتی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے نمبر گیم میں برتری کے مسلسل دعوے کئے جا رہے ہیں، بلاول کہتے ہیں ایم کیو ایم متحدہ اپوزیشن کا حصہ بن چکی ہے۔