اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ باہمی تعلقات کے مزید استحکام کا خواہاں ہے، چینی ہم منصب کے ساتھ علاقائی وعالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، افغانستان کی مدد کے معاملے پر بات چیت ہوئی اور چین کے ساتھ مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
In my meeting with State Councilor Wang Yi, I conveyed Pakistan’s deepest condolences on the tragic air crash in China today. Our prayers are with the people and government of China.
— Shah Mahmood Qureshi (@SMQureshiPTI) March 21, 2022
#IronBrothers https://t.co/J8acCNa74b
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ چینی وزیرخارجہ پہلی مرتبہ اوآئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے تشریف لائے ہیں،ان کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں، چین نے ہمیشہ ہر فورم پر پاکستان کی معاونت کی ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت اور عوام کو ’یوم پاکستان‘ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان کے ساتھ سی پیک سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کو وسعت دینا چاہتے ہیں، چین عالمی فورمز پر پاکستان کی معاونت جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
وانگ ژی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، اوآئی سی اجلاس میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے، پاکستان چین کا اہم تذویراتی شراکت دار ہے۔
قبل ازیں وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام، چینی سفارتکاروں نے ہوائی اڈے پر چینی وزیر خارجہ کا استقبال کیا، وانگ ژی صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے اہم ملاقات کریں گے۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے مابین وفود کی سطح دوطرفہ مذاکرات بھی منعقد ہوں گے، دونوں ممالک کے مابین اقتصادی، تجارتی، دفاعی امور، سی پیک پر اہم تبادلہ خیال ہو گا جبکہ چینی وزیر خارجہ یوم پاکستان کی تینوں مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ میں شرکت کریں گے، او آئی سی کے 48 ویں وزارتی کونسل اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ پہلی دفعہ او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے آئے ہیں، اوآئی سی اجلاس کے حوالے سے اسلام آباد میں گہما گہمی ہے، افغانستان کے لیے ٹرسٹ فنڈ کے چارٹر پر دستخط کیے جا چکے ہیں، اسلامی ملکوں کے نمائندے پاکستان تشریف لا رہے ہیں، پچھلے اجلاس میں فوکس افغانستان، اس اجلاس کا فوکس کشمیر ہوگا، پاکستان مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھائے گا۔
ادھر او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے مہمانوں کی آمد جاری ہے، مالدیپ صومالیہ، بنگلا دیش اور یوگنڈا سمیت کئی ممالک کے وزرائے خارجہ اور وفود پاکستان پہنچ گئے، سیکرٹری جنرل او آئی سی کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں اہم امور پر بات چیت ہوئی۔
وزیر خارجہ اور سیکریٹری جنرل او آئی سی نے وزرا خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے ایجنڈے کا جائزہ لیا، شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری جنرل او آئی سی نے کانفرنس کے متوقع بنیادی نتائج پر تبادلہ خیال کیا، وزیر خارجہ نے پاکستان کے لئے او آئی سی وزرا خارجہ کونسل کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کیا ۔
انہوں نے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے لئے او آئی سی کے اصولی موقف اور مسلسل حمایت کو سراہا، پاکستان کے اقدام کی او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کی جانب سے حمایت پر خراج تحسین پیش کیا جبکہ وزیر خارجہ نے اسلاموفوبیا پر او آئی سی کے نمائندہ خصوصی کے تقرر کی تجویز کو سراہا۔