'یوسف رضا گیلانی کے استعفے کا اعلان ڈرامہ، یہ اسی کرسی سے چمٹے رہیں گے'

Published On 01 February,2022 02:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے یوسف رضا گیلانی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ استعفے کا اعلان ایک ڈرامہ تھا، یہ ہمیشہ اسی کرسی سے چمٹے رہیں گے، یوسف رضا گیلانی کیسے لیڈر آف اپوزیشن بنے سب جانتے ہیں، ان کے صاحبزادے کی خرید و فروخت کرتے ہوئے ویڈیوز سامنے آئیں، ن لیگ کے ساتھ پہلے بھی ہاتھ ہوا آئندہ بھی ہوگا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کیا قائد حزب اختلاف کے علم میں نہیں تھا کہ بل سینیٹ میں آیا ہے، سینیٹر دلاور کہتے ہیں اپوزیشن لیڈر کے دفتر حاضر ہوا مگر وہ دکھائی نہیں دیئے، اپوزیشن لیڈر ووٹ خرید کر منتخب ہوئے، کیا اپوزیشن لیڈر الیکشن کمیشن میں تاریخیں نہیں بھگت رہے، آج بھی قائد حزب اختلاف کی پٹیشن الیکشن کمیشن میں چل رہی ہے، کیا اپوزیشن لیڈر کی ووٹ خریدنے کی ویڈیوز سامنے نہیں آئیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں اکثریت ن لیگ کی ہے مگر گیلانی قائد حزب اختلاف بن جاتے ہیں، ن لیگ کیساتھ تب بھی ہاتھ ہوا، جمعہ کو بھی ہاتھ ہوا، ن لیگ کیساتھ آئندہ بھی ہاتھ ہونیوالا ہے، پیشگوئی کر رہا ہوں، پارلیمنٹ کو بالادستی حاصل ہے، قائد حزب اختلاف کا بیان غیر زمہ دارانہ ہے، اسٹیٹ بینک کو خود مختار بنانا آئین کے خلاف نہیں، سابقہ حکومتیں اپنے مقاصد کیلئے اس ادارے کو استعمال کرتی تھیں۔