شریف خاندان چاہتا ہے لوٹ مار کریں اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو:فرخ حبیب

Published On 30 January,2022 04:31 pm

فیصل آباد:(دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ شریف خاندان چاہتا ہے لوٹ مار کریں اور کوئی پوچھنے والا نہ ہو، جب حساب مانگا جائے تو یہ اداروں پر حملہ آور ہوجاتے ہیں۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ عدلیہ کو رانا ثنا اللہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہیے، کیا ایسے ماحول میں عدالتیں آزادانہ کام کرسکتی ہیں۔

قبل ازیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اسلاموفوبیا کیخلاف آواز اٹھانے کے اثرات آنا شروع ہوگئے، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اس کی مذمت کی ہے، روسی صدرپیوٹن بھی اسلاموفوبیا کو آزادی اظہار رائے کہنا غلط قرار دے چکے ہیں جبکہ کینیڈین وزیراعظم نے اسلاموفوبیا کے سدباب کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خلاف کینیڈین ہم منصب کے بیان کا خیرمقدم کیا ۔

وزیراعظم نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ جسٹن ٹروڈو کے اسلاموفوبیا پرمذمتی بیان کاخیرمقدم کرتا ہوں ، کینیڈین وزیراعظم کا اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کےخاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہو گا، جسٹن ٹروڈو کا بروقت اقدام اس مطالبے کی حمایت ہے جو میں دہراتا رہا ہوں۔