سندھ میں 2023 کے بعد ڈاکو راج نہیں چلنےدیں گے: اسدعمر

Published On 30 January,2022 03:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ میں مافیاز کی حکومت ہے، نوکریوں اور تبادلوں کا نظام پرچیوں سے چلتا ہے، زرداری خاندان گاڈ فادرکی طرح حکومت میں بیٹھا ہے، 2023 کے بعد یہ ڈاکو راج نہیں چلنےدیں گے۔

کراچی میں میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ تمام وفاقی اکائیوں میں صحت کارڈ کا اجرا شروع ہو چکا ہے، سندھ حکومت صحت کے حوالے سے کام کرنے کیلئے تیار نہیں، 13 سال سے سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ سندھ حکومت نے چھوٹے کاشتکاروں کو پانی کے لئے ترسایا، عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سندھ کےحالات کو بہترکرناچاہتے ہیں، تمام قیادت سندھ کو مسائل سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔ تحریک انصاف سندھ کے ہر گھر پر دستک دے گی اور 2023 میں صوبے میں حکومت بنائے گی۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے اس موقع پر کہا کہ سندھ میں بلدیات کےکالےقانون پرجوائنٹ اپوزیشن اکٹھاہے، اندرون سندھ حالات انتہائی خراب ہیں،سندھ میں اپوزیشن کاایک بھی ممبرپبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں نہیں۔بلاول بھٹو وفاق میں انسانی حقوق کمیٹی کےچیئرمین ہیں حالانکہ پیپلزپارٹی سب سےزیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی سندھ میں کررہی ہے۔