اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس عمر عطابندیال سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج ہیں، جسٹس عمر عطا بندیال 2 فروری کو عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔
وزارت قانون و انصاف نے صدر مملکت عارف علوی کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد یکم فروری کو ریٹائر ہوجائیں گے جس کے بعد جسٹس عمر عطا بندیال 2 فروری کو بطور چیف جسٹس اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جسٹس عمر عطا بندیال کی بطورِ چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری
سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری کردہ تفصیل کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی تعلیم کوہاٹ، راولپنڈی اور پشاور میں حاصل کرنے کے بعد کولمبیا یونیورسٹی امریکا سے گریجویشن کیا۔ کیمبرج یونیورسٹی کے لنکن اِن سے بیرسٹر کی سند حاصل کی۔ 1983ء میں لاہور ہائی کورٹ اور کچھ برسوں بعد سپریم کورٹ کے وکیل کی حیثیت سے درج ہوئے۔
جسٹس عمر عطاء بندیال نے 4 دسمبر 2004ء کو لاہور ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اُٹھایا لیکن نومبر 2007ء میں انہوں نے سابق فوجی حکمراں پرویز مشرف کے عبوری آئینی حکم نامے (پی سی او) کے تحت حلف اُٹھانے سے انکار کر دیا تھا۔ بعدازاں وہ دو سال کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس بھی رہے۔
جون 2014ء میں ان کو سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا۔ اپنے اعلیٰ عدالتوں میں منصب قاضی کی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے جسٹس بندیال نے اہم مقدمات کے فیصلے دیئے۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس گلزار احمد نے 21 دسمبر 2019ء کو جسٹس ثاقب نثار کی جگہ چیف جسٹس کا منصب سنبھالا تھا۔ جسٹس بندیال کے منصب کی میعاد مکمل ہونے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ان کی جگہ لیں گے۔ ان کی چیف جسٹس کے لئے میعاد 25 اکتوبر 2024ء تک ہوگی۔
جسٹس مقبول باقر اور جسٹس مظہر عالم خان چیف جسٹس بنے بغیر ہی عدالت عظمیٰ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔