لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا ہے کہ کسی ادارے کی بات سنی نہ کسی کے دباؤ میں آیا، کسی نے کبھی میرے کام میں مداخلت نہیں کی، کوئی مجھے گائیڈ نہیں کرتا کہ اپنا فیصلہ کیسے کروں؟، یہی کردار باقی سارے ججز کا ہے۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو غلط فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیئے، میں اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرتا ہوں، ایسا تاثر دینا غلط ہے کہ عدالتیں آزاد نہیں، آئین و قانون کے مطابق فیصلے کیے، کبھی کسی کی ڈکٹیشن نہیں لی، میں نے کسی ادارے کا دباؤ نہیں لیا، عدلیہ اپنے فیصلے کرنے کیلئے آزاد ہے۔
چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ بتائیں کس کی ڈکٹیشن پر کون سا فیصلہ ہوا؟، لوگوں کا عدلیہ سے بھروسہ نہ اٹھائیں، انتشار مت پھلائیں، ضمیر کے مطابق فیصلے کرتا ہوں، ججز انصاف کی سربلندی کی محنت سے کام کر رہے ہیں۔