اسلام آباد:(دنیا نیوز)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے اگلے مرحلے میں بھی پی ٹی آئی کو شرمناک اور عبرتناک شکست دیں گے۔
خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات پر پی ڈی ایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کے پی کے عوام نے پی ٹی آئی کو مسترد کرکے اپنا فیصلہ سنا دیا، صوبائی اور وفاقی حکومت نے ووٹ چوری کرنے کے لئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا۔
حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے حکومت اور نوٹ کی طاقت کو شکست دی، جمعیت علماء اسلام اور مولانا فضل الرحمن کی سیاست ختم کرنے والوں کی بیساکھیوں پر کھڑی سیاست ختم ہونے والی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب پی ٹی آئی کی جھوٹی سیاست ، کرپٹ اور نااہل سرکار کا خاتمہ پورے ملک میں پی ڈی ایم کے ہاتھوں ہوگا۔